ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : ٹیندڑ ہوجانے کے بعد بھی ترقیاتی کام شروع نہ ہونے پر عوام کر رہے ہیں بیزاری کا اظہار

بھٹکل : ٹیندڑ ہوجانے کے بعد بھی ترقیاتی کام شروع نہ ہونے پر عوام کر رہے ہیں بیزاری کا اظہار

Mon, 06 Mar 2023 12:17:33    S.O. News Service

بھٹکل، 6 / مارچ (ایس او نیوز) امرت نگر یوجنا کے تحت شہر کی ترقی کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے فنڈ جاری ہونے اور ترقیاتی کاموں کے لئے ٹینڈر منظور ہوجانے کے 6 مہینے بعد بھی ٹھیکیدار کی طرف سے کام شروع نہ ہونے پر عوام بے اطمینانی اور بیزاری کا اظہار کر رہے ہیں ۔
    
بھٹکل ٹاون میونسپل کاونسل اور جالی پٹن پنچایت کے حدود میں مختلف وارڈوں میں سڑکیں ، برساتی پانی کی نکاسی کے نالے ، پینے کے پانی کا انتظام جیسے مسائل حل کرنے کے لئے ترقیاتی کاموں کے منصوبے بنائے گئے تھے ۔ امرت نگر یوجنا کے تحت ریاستی حکومت نے بھٹکل ٹی ایم سی کو 10 کروڑ روپے اور جالی پٹن پنچایت کو 5 کروڑ روپے جاری کیے تھے ۔ اس فنڈ میں کمیونٹی ڈیولپمنٹ، ایس سی / ایس ٹی ڈیولپمنٹ کی مد میں الگ سے رقم مختص کرنے کے بعد سڑکوں ، نالوں اور پانی وغیرہ کے لئے ٹی ایم سی کو 5 کروڑ اور پٹن پنچایت 2 کروڑ روپے خرچ کرنے تھے ۔ اس کے مطابق تعمیراتی کام انجام دینے کے لئے ڈسٹرکٹ ڈسٹرکٹ اربن ڈیولپمنٹ سیل کے ذیعہ ٹینڈر طلب کیے گئے تھے ۔ 
    
ٹی ایم سی کے حدود میں خراب سڑکوں کی درستی ، برساتی نالوں اور گندے پانی کی نکاسی کے نالوں کی تعمیر اور مرمت کے لئے فنڈ میں حصے داری طے کرکے ٹینڈر منظور کیے گئے ۔ دو مہینے قبل ایم ایل اے سنیل نائک نے شہر کے منکولی علاقے میں گدلی پوجا انجام دیتے ہوئے تعمیراتی کام کو ہری جھنڈی بھی دکھائی ۔ لیکن اس فنڈ کے تحت شہر کے کسی بھی علاقے میں کام شروع نہیں ہوا ہے اور لوگوں برسات سے پہلے سڑکوں اور نالوں کی درستی ہونے کے انتظار میں آنکھیں بچھائے بیٹھے ہیں ۔ 
    
بھٹکل ٹی ایم سی کے افسر نے بتایا : " ٹینڈر کے ذریعے بولی لگانے کے بعد ترقیاتی کام کا ٹھیکہ کنداپور سے تعلق رکھنے والے ایک ٹھیکیدار کو منظور ہونے کے بعد گزشتہ سال اکتوبر میں اسے ورک آرڈر بھی دیا گیا ہے ۔ مگر 6  مہینے کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی ٹھیکیدار نے کام شروع نہیں کیا ہے ۔"
    
ٹی ایم سی کے چیف آفیسر ایم کے سریش کا کہنا ہے کہ " شہری ترقیاتی کام کے لئے ٹینڈر حاصل کرنے والے ٹھیکیدار کو تعمیراتی کام شروع  کرنے کے لئے ٹی ایم سی کی جانب سے اب تک 3 نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں ۔"


Share: